پاکستان میں گیس کے وسیع ذخائر دریافت

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ضلع خیرپور میں گیس کے وسیع ذخائر دریافت کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

سہتو-1 نامی کنویں سے ہونے والی اس کامیاب دریافت کے بعد اب وہاں سے یومیہ 17.2 ملین مکعب فٹ گیس حاصل کی جا سکے گی۔

او جی ڈی سی ایل کے ترجمان کے مطابق، اس منصوبے پر کام کا آغاز دسمبر 2025 میں کیا گیا تھا اور تقریباً 3870 میٹر کی ریکارڈ گہرائی تک ڈرلنگ مکمل کرنے کے بعد گیس کے ان مضبوط ذخائر تک رسائی حاصل کی گئی۔

ابتدائی ٹیسٹنگ کے دوران کنویں میں گیس کا دباؤ 3390 پی ایس آئی (PSI) ریکارڈ کیا گیا ہے جو ایک مستحکم اور طویل مدتی پیداوار کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس مشترکہ منصوبے میں او جی ڈی سی ایل کا حصہ 95 فیصد جبکہ جی ایچ پی ایل 5 فیصد کی شراکت دار ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ خیرپور سے ہونے والی یہ نئی دریافت ملک میں جاری گیس کی قلت کو دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے نہ صرف ملکی ذخائر میں اضافہ ہوگا بلکہ توانائی کے بحران پر قابو پانے اور درآمدی بل میں کمی لانے میں بھی بڑی مدد ملے گی۔

Scroll to Top