افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانوں کے خلاف آپریشن جاری، عید کا وقفہ ختم، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانوں کے خلاف فوجی آپریشن جاری ہے اور عید کے دوران دیا گیا وقفہ ختم ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔

میڈیا بریفنگ کے دوران طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ پاکستان نے تمام کارروائیاں انتہائی احتیاط اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دی ہیں اور کسی بھی شہری کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔

ان کے مطابق ٹی ٹی پی اور دیگر افغان عناصر کے حملوں میں پاکستان کی فوجی کارروائیوں کے بعد نمایاں کمی آئی ہے، جس سے ملکی سکیورٹی میں بہتری آئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزارت خارجہ کے حالیہ بیانات پر بھی ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کے متنازع بیان غیر سفارتی اور مایوسی کے عکاس ہیں، جبکہ پاکستان کا موقف ہمیشہ تحمل، وقار اور ذمہ دارانہ سفارت کاری پر مبنی رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : موجودہ صورتحال میں پاکستان کے پاس ثالثی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، فضل الرحمان

اس کے علاوہ طاہر حسین اندرابی نے خلیجی ممالک پر حملوں سے متعلق دعوؤں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اس معاملے میں فالس فلیگ آپریشنز کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا، جس کا مطلب ہے کہ کسی بھی واقعے کے پیچھے اصل محرکات جانچ کے بعد ہی واضح ہوں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے زور دیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی اور خارجہ پالیسی کا محور ملک میں امن قائم رکھنا اور علاقائی استحکام کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گی اور پاکستان عالمی سطح پر اپنی ذمہ داریوں کے مطابق تمام اقدامات کرے گا۔

Scroll to Top