اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ “اپنا گھر” ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں تعمیراتی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹاسک فورس اور ورکنگ گروپس نے اپنی تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں کم لاگت گھروں کی فراہمی اور شعبے میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے منصوبوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ تعمیراتی شعبے میں تیزی آنے سے ملک میں لاکھوں نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے ان کی سرمایہ کاری کے مکمل تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ سرمایہ کاری کی راہ میں موجود تمام قانونی اور انتظامی رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں اور ایک قابلِ عمل حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ فوری طور پر عملدرآمد کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا کی نگاہیں ہم پر ہیں، پاکستان خطے میں امن کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے: مولانا طاہر اشرفی
اس حکمت عملی کی تیاری میں تمام اسٹیک ہولڈرز، بشمول تعمیراتی ماہرین اور سرمایہ کار شامل ہوں گے تاکہ زمینی حقائق کے مطابق فیصلے کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے کہا اپنا گھر ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے اور حکومت نجی شعبے کے تعاون سے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، جس سے معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
یہ اقدامات حکومت کی ہاؤسنگ پالیسی کے عزم اور ملک میں روزگار بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ملک میں رہائشی شعبے کی ترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔





