اسلام آباد:اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر میچ کیلئے پاکستان اور میانمار کے درمیان فٹبال میچ شائقین کے بغیر ہو گا۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اعلان کیا کہ حکومت پاکستان کی پالیسی کے مطابق 200 سے زائد افراد کے اجتماعات پر پابندی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے اقدامات پر عمل درآمد کرنا ہے۔
پی ایف ایف کے مطابق شائقین کی دلچسپی کو سراہا جاتا ہے، تاہم حکومتی پالیسی کے پیش نظر میچ کلوز ڈور (شائقین کے بغیر) ہوگا۔ تمام ٹکٹ ہولڈرز کو اصل ادائیگی کے طریقے سے رقم خود بخود واپس کر دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی توانائی تنصیبات پر حملے کی مدت مزید 10 دن کے لیے ملتوی، ٹرمپ کا اعلان
پی ایف ایف نے مزید کہا کہ شائقین کے لیے یہ فیصلہ مشکل ضرور ہے لیکن قومی مفاد اور کفایت شعاری کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ضروری تھا۔ فیڈریشن نے شائقین کی حمایت اور دلچسپی کے لیے اپنی قدر دانی کا بھی اظہار کیا۔
میچ 31 مارچ کو کھیلا جائے گا اور اس میں پاکستان کی ٹیم اپنی فتح کے لیے میدان میں اترے گی، جبکہ شائقین ٹی وی اور آن لائن سٹریم کے ذریعے میچ کا لطف اٹھا سکیں گے۔





