سپریم کورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دائر ہتکِ عزت کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، بانی پی ٹی آئی کی حقِ دفاع سے متعلق نظرثانی اپیل سننے والا بینچ تبدیل کر دیا گیا ہے۔
عدالتِ عظمیٰ نے کیس کی سماعت کے لیے نیا تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے، جس کی سربراہی جسٹس ہاشم خان کاکڑ کریں گے۔ بینچ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل ہوں گے۔ نیا بینچ 31 مارچ کو کیس کی سماعت کرے گا۔
ذرائع کے مطابق سابقہ بینچ میں شامل جسٹس عائشہ ملک کی جگہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اس کیس کی سماعت کر رہا تھا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ٹرائل کورٹ کی جانب سے حقِ دفاع ختم کیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، تاہم سابق جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے ان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس میں اہم پیشرفت
بعد ازاں بانی پی ٹی آئی نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل دائر کر رکھی ہے، جس پر اب نیا بینچ سماعت کرے گا۔





