پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد علی کی بیرونِ ملک سفر پر پابندی کے خلاف درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس میں عدالت نے انہیں ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کو ون ٹائم بیرون ملک جانے دیا جائے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ڈاکٹر امجد علی نے “انٹرنیشنل وزٹر لیڈرشپ ینگ پارلیمنٹرین پروگرام” میں شرکت کے لیے جانا ہے، جو 28 مارچ سے 20 اپریل تک جاری رہے گا۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ڈاکٹر امجد علی پروگرام میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے تھے کہ انہیں ایئرپورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا۔ اس پر عدالت میں درخواست دائر کی گئی۔
دوسری جانب اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کا نام انٹیلیجنس ایجنسیز کی نشاندہی پر لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ڈاکٹر امجد علی پر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں اور ان کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج ہیں۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ گزشتہ سماعت پر فریقین سے درخواست گزار کے مبینہ کریمنل کیسز کی رپورٹ طلب کی گئی تھی، تاہم اب تک رپورٹ جمع نہیں کروائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ نے افغان مہاجرین کی ملک بدری سے متعلق اہم فیصلہ سنا دیا
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ درخواست گزار بیرون ملک کسی ایسی سرگرمی کے لیے نہیں جا رہے جس سے پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچے۔ حکم نامے کے مطابق ڈاکٹر امجد علی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی سے بیرون ملک سفر کے لیے این او سی حاصل کریں۔
پشاور ہائیکورٹ نے فریقین کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت تک مکمل رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جائے۔





