پاکستان تحریک انصاف کا سڑکوں پر نکلنے کا دور ختم ہو چکا ہے، شیر افضل مروت

 پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں مبینہ کرپشن اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر سخت تنقید کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی ایک صوبے میں کرپشن ہو رہی ہے تو وہ خیبر پختونخوا ہے، جہاں منصوبہ بندی اس بنیاد پر کی جاتی ہے کہ کس منصوبے میں زیادہ کمیشن حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ محض پراپیگنڈا نہیں بلکہ زمینی حقائق ہیں۔

شیر افضل مروت نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے زیادہ تر محکمے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں جبکہ صرف چند وزراء کام کر رہے ہیں، جس سے گورننس متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے اپنی جماعت کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا سڑکوں پر نکلنے کا دور ختم ہو چکا ہے، اگر اب بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو پارٹی کو نقصان ہو سکتا ہے۔

انہوں نے موجودہ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت نہیں بلکہ قبضہ مافیا ہے، جبکہ ملک میں انتخابات بھی شفاف نہیں ہوئے اور انہیں چوری شدہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کا عمران خان کی رہائی سے متعلق اہم اعلان

ان کا کہنا تھا کہ مختلف قوتیں مصلحتوں کے تحت اکٹھی ہیں اور اقتدار کے زور پر خود کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام میں امید تو موجود ہے لیکن ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کیلئے ہمت کی کمی نظر آتی ہے۔ انہوں نے ایران کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی سطح پر دباؤ کے باوجود ڈٹ کر کھڑا ہے اور ہار نہیں مان رہا۔

Scroll to Top