ایرانی سفارت خانہ اسلام آباد نے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف گمراہ کن معلومات پھیلانے والے ایک جعلی اکاؤنٹ کے حوالے سے باضابطہ وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے۔
سفارت خانے کے مطابق ٹویٹر (ایکس) پر HosseinNejat1@ نامی اکاؤنٹ مکمل طور پر جعلی ہے اور اس کا ایران کے کسی بھی سرکاری، سفارتی یا معتبر ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ترجمان ایرانی سفارت خانہ نے واضح کیا ہے کہ اس اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں جن کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔
حالیہ دنوں میں مذکورہ جعلی اکاؤنٹ سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی نقل و حمل کر کے اسے ایران کے دشمن ممالک کو فروخت کر رہا ہے تاہم ایرانی سفارت خانے نے ان الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی مذموم کوششوں کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان موجود برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچانا اور دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کے خلاف بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔
سفارت خانے نے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایسی منفی سرگرمیاں دونوں پڑوسی ممالک کے مضبوط اور دیرینہ تعلقات کو متاثر کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔
ایرانی سفارت خانے نے پاکستانی عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اکاؤنٹس سے پھیلائی جانے والی معلومات کو شیئر کرنے سے مکمل گریز کریں اور کسی بھی خبر کی تصدیق کے لیے صرف مستند اور سرکاری ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ہمسائیگی پر مبنی تعلقات انتہائی مضبوط ہیں اور کوئی بھی سازش دونوں ممالک کی دوستی کو کمزور نہیں کر سکتی۔





