پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے دوسرے معرکے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں کوئٹہ کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں میدان میں اترنے والی کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران اوس (Dew) پڑنے کے امکانات ہیں، اسی لیے پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ ٹیم میں اسپن کے شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے ابرار احمد اور عثمان طارق دونوں کو شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کی قیادت جاری رکھنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی ٹیم اس بار پہلے سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
یہ بھی پڑیں : پی ایس ایل 2026 میں پلیئنگ الیون کا نیا قانون متعارف
ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر معین علی کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کے اسکواڈ میں بہترین آل راؤنڈرز موجود ہیں اور پاکستان کے ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا کی شمولیت سے ٹیم مزید متوازن ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 11 کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے حیدرآباد کنگزمین کو 69 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔





