سعودی عرب کی معروف توانائی کمپنی آرامکو نے پاکستان میں اپنے پیٹرول پمپس پر ہائی اوکٹین پیٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی کرتے ہوئے صارفین کو بڑا ریلیف فراہم کر دیا ہے۔
کمپنی نے ہائی اوکٹین کی قیمت 610 روپے فی لیٹر سے براہ راست کم کر کے 410 روپے فی لیٹر مقرر کر دی ہے جس سے فی لیٹر 200 روپے کی بڑی بچت ہوگی۔
یہ غیر متوقع پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں حکومت پاکستان نے ہائی اوکٹین پیٹرول پر عائد لیوی میں 100 روپے سے 300 روپے تک کا بھاری اضافہ کیا تھا جس کے باعث مارکیٹ میں اس کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی تھیں۔
اس حکومتی فیصلے کے بعد ملک کے مختلف پیٹرول پمپس پر ہائی اوکٹین کی قیمت 600 سے 610 روپے فی لیٹر تک تجاوز کر گئی تھی جبکہ سرکاری کمپنی پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے پمپس پر یہ قیمت تقریباً 589 روپے فی لیٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ہائی اوکٹین پیٹرول خاص طور پر جدید ٹربو اور ہائی کمپریشن انجن والی گاڑیوں کے لیے انتہائی ضروری ہوتا ہے، اور پاکستان میں درآمدی و مقامی طور پر تیار ہونے والی نئی گاڑیوں کی بڑی تعداد بہتر کارکردگی کے لیے اسی فیول پر انحصار کرتی ہے جس کی وجہ سے اس کی طلب میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔





