محکمہ موسمیات کی تازہ ترین پیشگوئی کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اور ژالہ باری کا نیا سلسلہ شروع ہو رہا ہے جس کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ملک بھر میں بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ، ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ

محکمہ موسمیات کی تازہ ترین پیشگوئی کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اور ژالہ باری کا نیا سلسلہ شروع ہو رہا ہے جس کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات اور کل ملک کے بیشتر حصوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ہےجبکہ کئی مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

بلوچستان کے جنوب مغربی اور شمالی اضلاع سمیت خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہے گا اور وقفے وقفے سے بارش ہوگی۔

اسلام آباد اور گردونواح میں بھی شام اور رات کے وقت تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

موسلادھار بارشوں کے باعث بلوچستان کے علاقوں گوادر، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، خضدار اور قلات سمیت دیگر اضلاع میں 28 مارچ کو فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے مقامی ندی نالوں میں 28 سے 30 مارچ کے دوران طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ شدید آندھی اور بجلی گرنے کے باعث بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز جیسے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع بشمول پشاور، سوات، ایبٹ آباد اور مردان میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔

پنجاب میں مری، گلیات، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری اور گلیات جیسے سیاحتی مقامات پر بھی موسم شدید رہنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top