خیبر پختونخوا سے پاکستان تحریک انصاف کارکنان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے حوالے سے قائم کی جانیوالی رہائی فورس کو ڈرامہ قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کارکنان نے ایک ویڈیو پیغام میں واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان گزشتہ دو سال سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے تگ و دو کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ کارکنان تحریک انصاف قیادت کو بارہا کہہ چکی ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سہیل خان آفریدی کو رہائی کے حوالے سے زمہ داری دی ہے جس کے جواب میں سہیل آفریدی بیرسٹر گوہر کو کہتے ہیں کہ اگر میری زمہ داری ہے تو یہ فیصلے سڑکوں پر ہونگے ، وہ عوام میں جائیں گے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کارکن ظہیر عباس نے ایک جاری ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ سے وہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی جانب سے اعلانات سن رہے ہیں کہ وہ عوام میں آئیں گے اور سڑکوں پر جائیں گے لیکن سہیل خان آفریدی نے ایسا کچھ نہیں کیا۔
پی ٹی آئی کارکن ظہیر عباس نے جاری ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سہیل خان آفریدی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تحریک شروع نہیں کی گئی جبکہ پی ٹی آئی کارکنان انکی جانب دیکھ رہے ہیں وہ کب تحریک کا اعلان کرتے ہیں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے حوالے سے عوام میں جانے کا اعلان کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی کارکن ظہیر عباس نے ویڈیو پیغام میں سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی قیادت کبھی سہیل آفریدی کو کہتی ہے کبھی بیرسٹر گوہر کو کہتی ہے اور کبھی جنید اکبر کی جانب دیکھتی ہے لیکن کوئی بھی اس حوالے سے تحریک کا اعلان کرنے ڈرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلی سہیل آفریدی نے ’رہائی تحریک‘ کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا
انکا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سہیل خان آفریدی کو ترقیاتی کاموں کے لیئے وزیر اعلی نہیں بنایا بلکہ تحریکِ انصاف میں خان کی رہائی کے لیئے تحریک چلانے کے لیئے بنایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ خان کی رہائی کی تحریک کو شروع کیا جانا ضروری ہے کیونکہ ترقیاتی کام تو پہلے بھی ہوتے رہے ہیں اور ہوتے رہیں گے لیکن آج ضرورت خان کی رہائی کی تحریک کی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ آج حالات یہ ہیں کہ قیادت ایک دوسرے پر زمہ داری ڈال رہی ہے تحریک چلانے کی زمہ داری علامہ ناصر پر ہے کبھی کہتے ہیں زمہ داری اچکزئی پر ہے۔
انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنان سے استدعا کی ہے کہ خان کے لیئے باہر نکلو کیونکہ موجودہ قیادت کچھ بھی کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔





