اب آنکھ کے بدلے آنکھ والی بات نہیں چلے گی، ایران نے اسرائیل کو وارننگ دے دی

تہران: اسرائیل کی جانب سے ایران کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کے بعد ایران کے جنرل ماجد موسوی نے واضح پیغام دیا ہے کہ اس بار آنکھ کے بدلے آنکھ والی بات نہیں چلے گی۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں پاسداران انقلاب ایران کے ایروسپیس سربراہ جنرل ماجد موسوی نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے ایران کے اہم انفراسٹرکچر پر حملہ کیا ہے۔

جنرل موسوی نے کہا تم نے ہمیں ایک بار پہلے بھی آزمایا تھا، دنیا تمہیں دوبارہ آگ سے کھیلتے دیکھ رہی ہے، اس کھیل میں تم نے ایران کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کیے، اب جواب کا انتظار کرو۔

ذرائع کے مطابق اسرائیل نے ایرانی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس میں ایک بجلی گھر، دو اسٹیل کے کارخانے اور ایک سویلین نیوکلیئر تنصیب شامل ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی توانائی تنصیبات پر حملے نہ کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اسرائیل نے اپنے آپریشن کے ذریعے ایرانی بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں : سفارتی سطح پر بھارت دباؤ میں، مودی اور چند ساتھی اپنا منہ نوچ رہے ہیں، وزیر دفاع

اس واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کے ممکنہ جوابی اقدامات سے مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال مزید نازک ہو سکتی ہے۔

جنرل ماجد موسوی کے بیان سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ایران اسرائیل کے حملوں کا سخت جواب دینے کے لیے تیار ہے، اور عالمی برادری اس صورتحال پر نزدیک سے نظر رکھ رہی ہے۔

Scroll to Top