واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے بہترین کام کیا ہے اور ایران ڈیل چاہتا ہے، جس کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے۔
صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر میں صدر منتخب نہ ہوتا تو امریکا اب تک مشکلات کا شکار ہو چکا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے جرائم پیشہ افراد اور قاتلوں کو امریکا سے نکالا اور ماضی میں دنیا کے برے ترین افراد کو امریکا میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔
صدر نے مزید کہا کہ امریکا میں جرائم کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری بات چیت کے بارے میں کہا ہماری فوج نے بہترین کام کیا، ایران ڈیل چاہتا ہے اور اس کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا ایران میں زمینی فوج اتارے بغیر بھی اپنے مقاصد حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے حل میں جنگ مہینوں کے بجائے ہفتوں میں ختم ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اب آنکھ کے بدلے آنکھ والی بات نہیں چلے گی، ایران نے اسرائیل کو وارننگ دے دی
فرانس میں جی سیون وزرائے خارجہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا ایران میں فوجی مقاصد کے باوجود بھی آبنائے ہرمز کھلی رکھنا ایک فوری چیلنج بن سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کے بیانات خطے میں امریکا کی موجودہ حکمت عملی اور ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی عکاس ہیں۔
امریکا کی طرف سے فوج کی تعریف اور ایران کے ساتھ ڈپلومیسی پر زور، خطے میں امن قائم رکھنے اور عالمی تجارت کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات شمار کیے جا رہے ہیں۔





