قبضہ مافیا اور بدمعاش عناصر کے خلاف ڈی پی او صوابی نے واضح ہدایات جاری کر دیں

صوابی: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) صوابی وقاص رفیق کی سربراہی میں تھانہ کالوخان میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے اپنے مسائل اور درخواستیں، خاص طور پر زمینی تنازعات اور شکایات، براہ راست ڈی پی او کے سامنے پیش کیں۔

اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ کالوخان گوہر خان اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

ڈی پی او وقاص رفیق نے شہریوں کی شکایات نہایت توجہ سے سنی اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو واضح اور سخت ہدایات جاری کیں کہ تمام درخواستوں پر قانون کے مطابق فوری، شفاف اور میرٹ پر کارروائی عمل میں لائی جائے اور مقررہ ٹائم فریم کے اندر کارروائی کی رپورٹ ان کے دفتر کو ارسال کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم کرنا، شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سننا اور فوری ازالہ یقینی بنانا ہے۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ عوام کو انصاف کی بروقت فراہمی اور ان کے مسائل کا حل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔مزید برآں ڈی پی او نے واضح کیا کہ ناجائز قابضین، قبضہ مافیا، آئس فروشوں، اشتہاری ملزمان اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : مسلم دنیا کی مشترکہ حکمت عملی اسلام آباد میں طے، عالمی نظریں اس اجلاس پر جمی ہیں

انہوں نے کہا کہ زمینی تنازعات، وراثتی جھگڑوں اور قتل و مقاتلہ دشمنیوں کے خاتمے کے لیے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ڈی آر سی) ممبران اور علاقہ کے معزز مشران اصلاح میں کلیدی کردار ادا کریں تاکہ ایک پرامن معاشرے کا قیام ممکن بنایا جا سکے۔

پولیس اس کار خیر میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ڈی پی او نے مزید زور دیا کہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹیاں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں اپنا کردار مزید مؤثر اور فعال انداز میں ادا کریں، تاکہ معاشرتی امن و امان قائم رکھا جا سکے۔

Scroll to Top