صوبائی دارالحکومت میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار اور خوشنما ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آسمان پر کبھی بادل چھائے رہتے ہیں اور کبھی سورج پوری آب و تاب کے ساتھ نمودار ہوتا ہے، جس سے شہریوں کو خوشگوار موسم کا لطف مل رہا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری اور کم سے کم 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہو گیا ہے اور اس کے اثرات مختلف علاقوں میں ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں آج بارش کا امکان ہے۔
شمالی علاقوں میں بھی صورتحال بارشوں کے حق میں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
کراچی میں بھی ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ بارشیں آج سے 29 مارچ تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہیں۔
لاہور میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، تاہم آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان نہیں ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 16 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی 63 فیصد متوقع ہے۔





