وزیراعظم اور ایرانی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں امن کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق

وزیراعظم اور ایرانی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں امن کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، عزت مآب ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ یہ بات چیت ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی اور امن کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے ایران پر اسرائیل کے مسلسل حملوں، خاص طور پر گزشتہ روز شہری تنصیبات پر ہونے والے تازہ حملوں کی شدید مذمت کی اور ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے 1900 سے زائد جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے امریکہ، برادر خلیجی اور اسلامی ممالک کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں سے آگاہ کیا، جن کا مقصد خطے میں امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے امن اقدام کی بھرپور حمایت کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ اجتماعی کوششوں سے کشیدگی کے خاتمے کی کوئی مؤثر راہ نکلے گی۔

ایرانی صدر نے وزیراعظم کی مخلصانہ سفارتی کاوشوں کو سراہا اور ایران کے خلاف اسرائیلی اقدامات کے حوالے سے اپنا موقف بیان کیا۔ انہوں نے مذاکرات اور ثالثی کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

Scroll to Top