عدنان حیدر
ضلع کرم کے علاقے اپر کرم میں نستی کوٹ کے مقام پر بارودی سرنگوں کے تین زوردار دھماکے ہوئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ان دھماکوں کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا ہے۔
زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بارودی سرنگیں کچے راستوں میں نصب کی گئی تھیں تاکہ عام شہریوں کو نشانہ بنایا جا سکے۔
ان دھماکوں کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دھماکوں کی نوعیت اور بارودی مواد کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
واقعے کے حوالے سے پولیس نے نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔





