بنوں میں بارش کی تباہی، چھت گرنے سے ایک ہی گھر کے 3 چراغ گل

سلمان علی خان

بنوں کے علاقے وریشمی کلہ منڈان میں طوفانی بارشوں کے دوران ایک خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے تین کمسن بہن بھائی جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق شیر محمد نامی شخص کے گھر کی چھت اچانک گرنے سے کمرے میں موجود پانچوں بچے ملبے تلے دب گئے تھے جس کی اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور میڈیکل ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔

امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے دو بیٹوں کو زندہ نکال کر ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم دو بیٹیاں اور ایک بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ریسکیو حکام نے جاں بحق ہونے والے بچوں کی میتیں ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دی ہیں ۔

شدید بارشوں کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 نے شہریوں کو پرانی اور خستہ حال عمارات سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top