پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 172 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے جوش فلپس نے 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جبکہ کپتان ایشٹن ٹرنر 42 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
دیگر بلے بازوں میں اسٹیو اسمتھ نے 31 اور عرفات منہاس نے 25 رنز کا حصہ ڈالا، تاہم شان مسعود صرف 6 رنز بنا سکے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان اور سلمان ارشاد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔
اسلام آباد کی جانب سے مارک چیپمین 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ سمیر منہاس نے 28 اور ڈیون کونوے نے 26 رنز بنائے۔ کپتان شاداب خان 4، حیدر علی 13 اور عماد وسیم 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ فہیم اشرف 26 رنز بنا کر وسیم جونیئر کا شکار بنے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے مومن قمر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، وسیم جونیئر نے دو جبکہ عرفات منہاس، پیٹر سڈل اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کے اس سے قبل کھیلے گئے تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔





