موسم نے کروٹ بدل لی، آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

موسم نے کروٹ بدل لی، آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

ملک کے مختلف شہروں میں موسم نے اچانک کروٹ بدل لی ہے، جہاں آسمان پر کالی گھٹاؤں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور مطلع ابر آلود ہے۔ رات بھر جاری رہنے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ فضا میں خنکی اور ٹھنڈک میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے اور 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اور آئندہ چند روز تک مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں بارشوں کا یہ سلسلہ 30 مارچ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب راولپنڈی اور گرد و نواح میں بھی بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے، جس سے ہلکی سردی کا احساس بڑھ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، گلگت بلتستان، شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارش متوقع ہے۔

مزید برآں، سندھ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں ژالہ باری اور بلند پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

Scroll to Top