ڈریپ نے ضروری ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے متعلق زیرِ گردش خبروں کو سختی سے بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ ترجمان ڈریپ نے واضح کیا کہ ضروری ادویات، بشمول انسولین اور دیگر جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران کسی نئی قیمت میں اضافے کی منظوری بھی نہیں دی گئی۔
ڈریپ کے ترجمان نے بتایا کہ ضروری ادویات کی فہرست میں شامل ادویات کی قیمتیں فارماسیوٹیکل کمپنیاں از خود نہیں بڑھا سکتیں اور ڈریپ اس معاملے پر کڑی نگرانی کر رہا ہے تاکہ ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈریپ نے بطور ریگولیٹر تمام فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو دو اہم ایڈوائزریز جاری کی ہیں۔ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خام مال کے حصول کے متعدد ذرائع اختیار کریں اور مناسب ذخیرہ برقرار رکھیں تاکہ عالمی سپلائی چین میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث ادویات کی قلت سے بچا جا سکے۔
ڈریپ نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں مستحکم ہیں اور ان کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئے گی۔





