سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فرحان بن فیصل ایک اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اعلیٰ سطحی سفارتی ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔
سعودی وزیر خارجہ خصوصی طیارے کے ذریعے نور خان ایئر بیس اسلام آباد پہنچے، جہاں اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ ان کا یہ دورہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ بھی اسلام آباد پہنچے تھے، جنہوں نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آج اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان ایک اہم اجلاس ہوگا، جس میں مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے پرامن حل اور سفارتی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیاں خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہیں۔





