وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے کی گفتگو کو غلط رنگ دے کر تنازع بنا رہی ہے۔
کے پی کے ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ چند روز قبل بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان نے ایک گفتگو کی، جسے وفاقی حکومت نے جان بوجھ کر متنازع بنانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ اس گفتگو کا اردو ترجمہ بھی کروایا گیا تاکہ حقیقت کو سمجھا جا سکے، تاہم اس کے باوجود غلط تشریح کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ ایک بیٹے کا اپنے والد کے لیے جذباتی اظہار تھا، جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ “ایک بیٹے کو اپنے باپ کے لیے جو تشویش ہوتی ہے، اسی کا اظہار کیا گیا، مگر اسے سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے،” انہوں نے کہا۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ اس معاملے کو جی ایس پی پلس کے ساتھ جوڑنا بھی غلط بیانی ہے، کیونکہ یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے اس حوالے سے باقاعدہ معاہدے موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حکم پر بیک وقت 142 ملازمین کے تبادلے، نوٹیفکیشن جاری
وزیراعلیٰ سہیل آفرید ی نے کہا کہ وفاقی حکومت حقائق کو مسخ کر رہی ہے، جبکہ اصل مسئلہ ملک میں جمہوریت کی صورتحال ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ملک میں گزشتہ کئی دہائیوں سے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا جاتا رہا ہے اور موجودہ حالات بھی اسی تسلسل کا حصہ ہیں۔





