خیبر پختونخوا میں بارشیں تباہی کی صورت اختیار کر گئیں،9افراد جاںبحق، 47 زخمی

خیبر پختونخوا میں بارشیں تباہی کی صورت اختیار کر گئیں،9افراد جاںبحق، 47 زخمی

خیبر پختونخوا میں وقفے وقفے سے بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 47 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں 8 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں، جبکہ 6 مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ حادثات زیادہ تر بنوں اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔

ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، بنوں، ہنگو، نوشہرہ، ٹانک، باجوڑ، کرک، پاراچنار، ملاکنڈ سمیت شمالی اور جنوبی وزیرستان میں ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اور بارش کے دوران گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارشیں منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے سرگودھا، بھکر، لودھراں، وہاڑی، چنیوٹ، حافظ آباد، بہاولپور اور دیگر اضلاع میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ماہرین نے عوام سے احتیاط کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ طوفانی بارش کے دوران کمزور چھت والے مکانات میں نہ رہیں اور محفوظ مقامات کا رخ کریں۔

Scroll to Top