جعلی شناختی کارڈز کا بڑا سکینڈل بے نقاب! افغانوں کو پاکستانی خاندانوں میں شامل کرنیوالا گروہ گرفتار

جعلی شناختی کارڈز کا بڑا سکینڈل بے نقاب! افغانوں کو پاکستانی خاندانوں میں شامل کرنیوالا گروہ گرفتار

پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغان باشندوں کو پاکستانی خاندانوں میں شامل کر کے جعلی شناختی کارڈز بنانے والے منظم گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان ہر افغان شہری کو شامل کرنے کے بدلے متعلقہ خاندان کو 2 لاکھ روپے فی کس ادا کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کو ملنے والی مصدقہ اطلاع پر کی گئی۔ ایس پی سٹی توحید خان اور ایس ایچ او تھانہ سٹی ریاض خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کیا۔

گرفتار افراد میں اجمل ولد عبدالرزاق اور بادشاہ خان ولد لاہور خان شامل ہیں، جنہیں افغان شہری نقیب شاہ ولد زرکلام شاہ کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افغان شہری صوبہ خوست کا رہائشی ہے، جو چمن بارڈر سے غیر قانونی طور پر داخل ہو کر بنوں پہنچا۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ اس کے والد نے گروہ کے مفرور ارکان مامور (سکنہ کوئٹہ) اور زین اللہ (سکنہ میرانشاہ) سے 28 لاکھ روپے کے عوض پاکستانی شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات حاصل کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔

مزید تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ افغان باشندوں کو پاکستانی خاندانوں میں شامل کرواتے تھے، جس کے بدلے میں ہر فرد پر متعلقہ خاندان کو 2 لاکھ روپے ادا کیے جاتے تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ گروہ کے دیگر مفرور ارکان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے کہا ہے کہ ملکی سالمیت اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی، اور جعلسازی میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Scroll to Top