قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام طلب، 16 نکاتی ایجنڈا سامنے آ گیا، اہم بلز پیش کیے جائیں گے

قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام طلب، 16 نکاتی ایجنڈا سامنے آ گیا، اہم بلز پیش کیے جائیں گے

قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام پانچ بجے طلب کر لیا گیا ہے، جس کے لیے 16 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔ اجلاس میں اہم قانون سازی اور مختلف معاملات پر پیش رفت متوقع ہے۔

ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں صدر کے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پیش کی جائے گی، جبکہ ایوان میں چار اہم بلز بھی پیش کیے جائیں گے۔ وزیر بجلی الیکٹرسٹی ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کریں گے، جبکہ وزیر داخلہ مجموعہ تعزیرات پاکستان میں ترمیمی بل ایوان میں پیش کریں گے۔

اسی طرح وزیر خزانہ مالیاتی ذمہ داری و تحدید قرضہ ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کریں گے، جبکہ سردار اویس لغاری بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے انضباط سے متعلق ایکٹ میں ترمیم ایوان میں پیش کریں گے۔ مزید برآں سینیٹر محمد اورنگزیب مالیاتی ادارے (بازیابی مالیات) ترمیمی بل بھی پیش کریں گے۔

اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹی رپورٹ میں تاخیر سے متعلق عبدالقادر پٹیل تحریک پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیر خزانہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق ششماہی اور نگرانی رپورٹس بھی ایوان میں پیش کریں گے۔

ایجنڈے میں رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران کی جانب سے ٹیکس محاصل میں کمی کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہے، جس پر ایوان میں بحث متوقع ہے۔

Scroll to Top