صحافیوں کو پختونخوا ڈیجیٹل کی زینت کیوں بنایا ؟ وزیراعلی کے بھائی برا مان گئے ، ہرجانے کا دعویٰ کر دیا

صحافیوں کی خبروں کو ہمار ےخلاف کیوں چلایا؟وزیراعلی کے بھائی کا پختون ڈیجیٹل کو ہرجانے کا نوٹس

صحافیوں کی خبروں کو نشر کرنے پر تنازع کھڑا ہوگیا، وزیراعلی خیبر پختونخوا کے سہیل آفریدی بھائی عامر آفریدی کی جانب سے پختون ڈیجیٹل نیوز چینل کیخلاف ہرجانے کا نوٹس جاری کر دیا گیا، جسے ادارے نے بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔

پختون ڈیجیٹل نیوز چینل نے صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے موصول ہونے والے لیگل نوٹس کے بعد وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کا کام صرف عوام تک خبریں پہنچانا ہے، نہ کہ کسی فرد یا ادارے کی دل آزاری کرنا۔

تفصیلات کے مطابق قانونی نوٹس 27 مارچ 2026 کو جاری کیا گیا، جس میں پختون ڈیجیٹل کے ڈائریکٹر اور صحافی کاشف الدین سید کو مخاطب کیا گیا۔ نوٹس عامر آفریدی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چینل نے عامر آفریدی پر غیر قانونی سرگرمیوں، عوامی فنڈز میں خردبرد اور ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن لینے جیسے الزامات نشر کیے، جبکہ یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ ان کا نام وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ جوڑ کر بدعنوانی سے منسلک کیا گیا۔

ادارے کے مطابق پختون ڈیجیٹل ہمیشہ مستند ذرائع اور صحافیوں کی مصدقہ رپورٹس کی بنیاد پر خبریں شائع کرتا ہے اور کسی بھی قسم کی زرد صحافت یا افواہ سازی سے گریز کرتا ہے۔

پختون ڈیجیٹل نیوز چینل نے اپنے ردعمل میں واضح کیا کہ متعلقہ خبریں ادارے کی جانب سے گھڑی نہیں گئیں بلکہ یہ مواد دیگر صحافیوں کے ویڈیو کلپس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً ٹوئٹر، سے لیا گیا تھا اور اسے صحافتی اصولوں کے مطابق رپورٹ کیا گیا۔

ادارے کا کہنا ہے کہ اگر کسی خبر میں کوئی تنازع موجود ہے تو اس کی ذمہ داری اصل ذرائع پر عائد ہوتی ہے، نہ کہ ایک میڈیا پلیٹ فارم پر جو محض رپورٹنگ کرتا ہے۔ پختون ڈیجیٹل نے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات جب خبریں حکومت یا متعلقہ اداروں کو آئینہ دکھاتی ہیں تو بعض حلقے اسے ذاتی طور پر لیتے ہیں، حالانکہ خبر کی اشاعت عوام کے حقِ معلومات کا حصہ ہے اور کسی کے خلاف ہدف نہیں ہوتی۔

قانونی نوٹس میں 48 گھنٹوں کے اندر مواد حذف کرنے، معافی نشر کرنے اور آئندہ محتاط رہنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، بصورت دیگر پانچ کروڑ روپے ہرجانے سمیت قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔

تاہم پختون ڈیجیٹل نے ان مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ ایک آزاد اور خودمختار میڈیا پلیٹ فارم ہے اور کسی بھی دباؤ یا ہراسانی کی صورت میں وہ اپنے دفاع میں قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ادارے نے مزید واضح کیا کہ لیگل نوٹس کے باوجود وہ صحافتی اصولوں کے مطابق اپنی ذمہ داری ادا کرتا رہے گا اور عوام کو شفاف، مستند اور بروقت خبریں فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

پختون ڈیجیٹل نے صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ وہ میڈیا رپورٹس کو صحافتی آزادی اور عوامی خدمت کے تناظر میں دیکھے اور ادارے کے کام کو قومی مفاد کے تحت سمجھا جائے، نہ کہ کسی کی دل آزاری کے طور پر۔

ادارے کے مطابق شفاف اور ذمہ دار صحافت ہر جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے، اور پختون ڈیجیٹل اسی اصول کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ بھی عوام تک حقائق پر مبنی خبریں پہنچاتا رہے گا۔

Scroll to Top