ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں سیکیورٹی فورسز نے ایک فوری اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسکول پر قبضہ کرنے کا ڈرامہ رچانے والے 10 خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کےمطابق دہشت گردوں کے ایک گروہ نے باڑہ کے خواجہ میر اسکول پر قبضہ کرنے کی ناپاک کوشش کی، وہاں اپنا جھنڈا لہرایا اور پروپیگنڈا کے لیے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی تاکہ عوام میں خوف و ہراس پھیلایا جا سکے۔
سیکیورٹی فورسز نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ان خارجیوں کو ٹریس کیا اور محض چند ہی گھنٹوں کے اندر انہیں گھیرے میں لے کر تمام 10 دہشت گردوں کا صفایا کر دیا۔
واضح رہے کہ یہی خارجی گروہ گزشتہ کچھ دنوں سے باڑہ کی سڑکوں پر گشت کر کے اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر نشر کرتے ہوئے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرتا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکول پر قبضے کی کوشش کے بعد فرار ہونے والے ان دہشت گردوں کا تعاقب کیا گیا اور انہیں عبرتناک انجام تک پہنچایا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے آخری خارجی کے خاتمے تک آپریشنز اسی شدت کے ساتھ جاری رہیں گے اور ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔





