پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مقبول فرنچائز لاہور قلندرز نے نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے اپنے ہی کپتان اور اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
فرنچائز کے اعلامیے کے مطابق، یہ کارروائی سیکیورٹی پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر عمل میں لائی گئی ہے۔ لاہور قلندرز نے اس فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
فرنچائز کے مطابق یہ واقعہ ہوٹل میں پیش آیا تھا جس کی اندرونی طور پر مکمل تحقیقات کی گئیں۔ اگرچہ اعلامیے میں وضاحت کی گئی کہ یہ معاملہ کسی دانستہ خلاف ورزی کے بجائے ایک غلط فہمی کا نتیجہ تھا اور اسے سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع پر حقائق سے ہٹ کر بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیالیکن احتساب اور ڈسپلن کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے جرمانہ عائد کرنا ضروری تھا۔
لاہور قلندرز کا کہنا ہے کہ وہ سیکیورٹی پروٹوکولز کا انتہائی احترام کرتے ہیں اور ٹیم میں نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔





