خیبر پختونخوا: بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متاثرہ افراد کی تفصیلات جاری

پشاور: ملک کے مختلف حصوں میں جاری بارشوں نے تباہی مچا دی، خصوصاً خیبر پختونخوا میں پیش آنے والے مختلف حادثات کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق صوبے کے متعدد اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث چھتیں گرنے، دیواریں منہدم ہونے اور آسمانی بجلی گرنے جیسے واقعات پیش آئے۔

ایبٹ آباد میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 4 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ بنوں میں گزشتہ دو روز کے دوران 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ اسی طرح کوہاٹ میں کچے مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوئے۔

بٹ گرام میں بھی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور ایک زخمی ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں : پکتیکا میں تباہ شدہ ٹینک کے ساتھ افغان شہری کی ویڈیو وائرل، ایک افغان شہری فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حق میں بول پڑا

ادھر سوات میں شدید بارشوں کے باعث مالم جبہ روڈ سمیت مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ہے۔

دریائے سوات میں پانی کی سطح بلند ہونے کے پیش نظر مینگورہ کے نشیبی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب بارشوں کا سلسلہ صرف خیبر پختونخوا تک محدود نہیں رہا بلکہ پنجاب، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں بھی موسلا دھار بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے باعث مزید 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے ہیں۔

شمالی و مشرقی بلوچستان اور کوہ سلیمان رینج میں مسلسل دوسرے روز بھی تیز بارش اور شدید ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث سیلابی ریلوں نے کئی شاہراہوں کو متاثر کیا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کاہائی الرٹ جاری

این-50 ہائی وے دانہ سر اور درابند کے مقامات سمیت مختلف راستے بند ہو گئے ہیں، جس سے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے درمیان زمینی رابطہ متاثر ہوا ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی موسم نے شدت اختیار کی، سرگودھا، حافظ آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔

ادھر مظفر آباد اور وادی نیلم میں بھی تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث بجلی کا نظام متاثر ہوا جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے سبب متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کیونکہ مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top