اسلام آباد: کویت پیٹرولیم کارپوریشن نے پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو کویت سے ڈیزل اور جیٹ فیول کی ممکنہ ترسیل کے لیے مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ پیش رفت وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمان جاسم المطیری کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ملاقات میں کویت پیٹرولیم کارپوریشن کی جانب سے پاکستانی جہازوں کے لیے سہولیات پر زور دیا گیا، تاکہ پاکستان کو عالمی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود مطلوبہ ایندھن کی ترسیل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ کویت پیٹرولیم کارپوریشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولت پر پاکستان مشکور ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 50 برس سے پاکستان کویت سے بالخصوص ڈیزل سمیت پیٹرولیم مصنوعات خرید رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور شراکت داری کا مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قطر روانگی سے پہلے پاکستانی شہری خبردار، نئی ہدایت جاری
کویتی سفیر ناصر عبدالرحمان جاسم المطیری نے کہا کہ کویت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور امن کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار پر تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف تنازعات کے پرامن حل میں سہولت کاری کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں، اور دونوں ممالک کے تعلقات ہمیشہ مضبوط اور دوستانہ رہیں گے۔
یہ اقدام پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ توانائی کی ضروریات کے تسلسل کو یقینی بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔





