کابینہ ڈویژن کی وضاحت: کون سے سرکاری ملازمین کی تنخواہ سے کٹوتی ہوگی؟

کابینہ ڈویژن نے 14 مارچ 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے حوالے سے پیدا ہونے والے ابہام کو دور کرتے ہوئے ایک نیا وضاحتی اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

اس اعلامیے کے مطابق تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ صرف وزارتوں تک محدود نہیں بلکہ تمام قانونی و خودمختار اداروں، ریگولیٹری اتھارٹیز اور سرکاری ملکیتی اداروں کے ان تمام ملازمین پر لاگو ہوگا جن کی ماہانہ مجموعی تنخواہ تین لاکھ روپے یا اس سے زائد ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ کٹوتی مسلسل دو ماہ تک مقررہ شرح کے مطابق کی جائے گی۔ اس فیصلے کی زد میں اداروں کے سربراہان، چیف ایگزیکٹو افسران (CEOs)، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور سینئر مینیجرز سمیت تمام اعلیٰ حکام آئیں گے۔

کابینہ سیکرٹری کی منظوری سے جاری ہونے والے اس وضاحتی بیان کا مقصد مختلف اداروں کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا اور پالیسی کو یکساں طور پر نافذ کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کویت کی جانب سے پاکستانی جہازوں کے لیے ایندھن کی ترسیل آسان بنانے کا اعلان

یہ اقدام حکومتی سطح پر بچت کی مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد بڑے سرکاری اداروں کے انتظامی اخراجات میں کمی لانا ہے۔

کابینہ ڈویژن نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس وضاحت کی روشنی میں فوری طور پر کٹوتی کے عمل کو یقینی بنائیں۔

Scroll to Top