خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق مختلف اضلاع میں اب تک 18 افراد جاں بحق جبکہ 72 زخمی ہو چکے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق 25 مارچ سے جاری بارشوں نے صوبے کے متعدد علاقوں کو متاثر کیا۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 14 بچے، ایک مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 32 مرد، 7 خواتین اور 33 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث 60 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 51 گھروں کو جزوی جبکہ 9 مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بنوں، پشاور، کوہاٹ، نوشہرہ، باجوڑ، کرم، شانگلہ اور دیگر اضلاع میں مختلف حادثات پیش آئے، جن کے نتیجے میں یہ جانی و مالی نقصانات ہوئے۔
حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔





