خیبرپختونخوا میں سرکاری سکولوں میں غیرمتعلقہ تعیناتیوں کا انکشاف

سلمان یوسفزئی

سرکاری سکولوں میں سینکڑوں آسامیوں پر غیر متعلقہ تعیناتیوں کی شکایات سامنے آنے کے بعد محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

سرکاری مراسلے کے مطابق صوبے کے متعدد سکولوں میں ہیڈ ماسٹروں کی جگہ سبجیکٹ سپیشلسٹ اور ایس ایس کی پوسٹوں پر ہیڈ ماسٹرز کئی سالوں سے تعینات چلے آ رہے ہیں۔

محکمہ تعلیم نے تمام اضلاع سے ان غلط تعیناتیوں کی فوری تفصیلات طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ باقاعدہ پروفارما پُر کرکے معلومات ارسال کریں۔ محکمے نے انتباہ جاری کیا ہے کہ تفصیلات فراہم نہ کرنے کی صورت میں ایسی تمام پوسٹیں خالی تصور کی جائیں گی۔

ان تمام تفصیلات کا حتمی جائزہ آئندہ ہونے والے ڈی پی سی اجلاس میں لیا جائے گا تاکہ قواعد کے مطابق تعیناتیاں یقینی بنائی جا سکیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top