خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کی پیشگوئی،بعض اضلاع میں سیلاب کا خطرہ

خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کی پیشگوئی،بعض اضلاع میں سیلاب کا خطرہ

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 2 سے 4 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق پشاور، مردان، سوات، چترال، دیر، مانسہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت صوبے کے تمام اہم اضلاع میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارشوں کے باعث دریائے کابل اور اس سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے، جس سے سوات، چترال، دیر، بونیر اور شانگلہ سمیت دیگر حساس اضلاع میں فلیش فلڈ (اچانک سیلابی صورتحال) کا خطرہ ہے۔

تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فلیش فلڈ وارننگ جاری کرتے ہوئے نشیبی اور حساس علاقوں میں پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

دریائے کابل کے کنارے آباد آبادی کو محتاط رہنے، کسانوں کو مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری ٹریفک سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Scroll to Top