جلال محسود
ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ کے گاؤں منگل میں موٹر سائیکلوں کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔
ایس ایچ او ثمر عباس کے مطابق اس افسوسناک واقعے کا پس منظر گزشتہ رات چھینے گئے تین موٹر سائیکلوں کی برآمدگی سے جڑا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ استرانہ قبائل کے افراد موٹر سائیکل برآمدگی کے لیے مروت ٹیوب ویل پر پہنچے جہاں مخالفین کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی اور ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سرگرم کارکن شربت خان استرانہ کے بھائی الطاف خان استرانہ بھی شامل ہیں۔
واقعے کے بعد چار افراد کی میتیں ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر منتقل کر دی گئی ہیں جہاں ان کا پوسٹ مارٹم جاری ہے۔
ہسپتال میں موجود زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ٹراما سینٹر میں قیضار خان میانخیل اور شعیب خان میانخیل بھی پہنچ گئے۔
ایس ایچ او پروآ کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق ذوالفقار مروت گروپ سے ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔
پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔





