پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی شفیع جان نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے تنظیم سازی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اب تک 10 ہزار سے زائد نوجوان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے بتایا کہ اس مہم کے تحت صوبے بھر میں بھرپور انداز میں کیمپس لگائے جا رہے ہیں، جبکہ کل خیبر پختونخوا میں 272 کیمپس قائم کیے جائیں گے جہاں نوجوانوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں ایک مربوط جدوجہد کا حصہ بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں خیبر ڈیجیٹل فارمنگ پلیٹ فارم بھی لانچ کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے نہ صرف صوبے بلکہ پورے پاکستان سے نوجوانوں کو شامل کر کے باقاعدہ ممبرشپ دی جائے گی۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ عوام اور کارکنان میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ ممبرشپ کے لیے رابطہ کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق ارکان اسمبلی کو بھی اس حوالے سے مسلسل کالز موصول ہو رہی ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ جلد ایک لاکھ رضاکاروں کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ ممبران کی تکمیل کے بعد باقاعدہ حلف برداری کی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں سہیل آفریدی رضاکاروں سے حلف لیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تنظیم سازی کا حتمی ہدف 10 لاکھ رضاکاروں تک پہنچنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے کارکنان کو جمع ہونے کی ہدایت، علیمہ خان میدان میں آ گئیں
شفیع جان نے عندیہ دیا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے اسٹریٹ موومنٹ کے تناظر میں بھی تیاریاں جاری ہیں اور پارٹی قیادت مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے۔
ان کے مطابق ایک جامع اور نتیجہ خیز حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے، جسے جلد حتمی شکل دے کر عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان اس بات پر متفق ہیں کہ آئندہ کا لائحہ عمل مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ اختیار کیا جائے اور کسی قسم کی غلطی کی گنجائش نہ رکھی جائے۔
شفیع جان کے مطابق ملک بھر میں اس وقت ایک ہی مطالبہ نمایاں ہے اور وہ عمران خان کی رہائی ہے، جس کے لیے بھرپور تیاری جاری ہے۔





