جنگ ختم کرنے کے لیے تیار ہیں، ضمانت چاہیے کہ تنازع دوبارہ نہ ہو، ایرانی صدر

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے تیار ہے، لیکن اس کا شرط یہ ہے کہ یہ گارنٹی دی جائے کہ تنازعہ دوبارہ شروع نہیں کیا جائے گا۔

خلیجی نیوز چینل کے مطابق ایرانی صدر نے یہ موقف یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوستا سے ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران واضح کیا۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ جنگ کے دوران ایرانی عوام نے اتحاد کا مظاہرہ کیا جو قابل تعریف ہے۔

اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی کہا تھا کہ ایران صرف جنگ بندی نہیں چاہتا بلکہ اس جنگ کا مکمل اور جامع خاتمہ چاہتا ہے۔

عرب میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکی نمائندہ خصوصی کی جانب سے براہ راست پیغامات موصول ہو رہے ہیں، تاہم باضابطہ مذاکرات ابھی نہیں ہو رہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر نے 2 سے 3 ہفتوں میں ایران جنگ سے نکلنے کا اعلان کر دیا

البتہ انہوں نے تسلیم کیا کہ سکیورٹی سے متعلق کچھ بات چیت پاکستان کے ذریعے جاری ہے۔

ادھر ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر ایرانی قیادت کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو وہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔

ایران کا یہ موقف خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے، تاہم امریکا اور اسرائیل کے ساتھ مستقبل کے مذاکرات میں سلامتی اور اعتماد کی ضمانت سب سے بڑا مسئلہ رہے گا۔

Scroll to Top