کراچی: پورٹ قاسم پر پیٹرولیم مصنوعات اور دیگر کارگو جہازوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جہاں سعودی عرب کے جیزان پورٹ سے پیٹرول سے بھرا ایک اور بحری جہاز پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم ٹی پیٹازولی جہاز 38,965 میٹرک ٹن موٹر آئل لے کر بندرگاہ پر پہنچا اور اسے فوٹکو ٹرمینل پر لنگر انداز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پورٹ قاسم کے آؤٹر اینکریج پر کوئلے کے دو اور پام آئل کے ایک جہاز کی آمد بھی متوقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 10 جہازوں کی ہینڈلنگ کی گئی ہے۔ اس وقت بندرگاہ پر کنٹینرز کے 2، بلک کارگو کے 5 اور پیٹرولیم مصنوعات کے 3 جہاز موجود ہیں۔
کارگو کے اعداد و شمار کے مطابق پورٹ قاسم پر مجموعی طور پر 1,68,850 میٹرک ٹن سامان ریکارڈ کیا گیا، جس میں درآمدی کارگو 1,36,936 میٹرک ٹن اور برآمدی کارگو 31,914 میٹرک ٹن شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنگ ختم کرنے کے لیے تیار ہیں، ضمانت چاہیے کہ تنازع دوبارہ نہیں ہوگا، ایرانی صدر
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 جہاز بندرگاہ پر پہنچے جبکہ 2 جہاز روانہ ہو چکے ہیں اور مزید 3 جہازوں کی روانگی متوقع ہے۔ پورٹ حکام نے بتایا کہ تمام جہازوں سے کارگو کی بروقت ہینڈلنگ کے لیے انتظامات مکمل ہیں۔
بحری ماہرین کے مطابق خام تیل اور پیٹرول کی بڑی مقدار کی درآمد سے نہ صرف سپلائی چین مستحکم ہوگی بلکہ ملک میں ایندھن کی دستیابی کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔





