پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو دنیا نے تسلیم کیا، چین نے بھی ساتھ دیا، عطاتارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نےکہا کہ چین نے پاکستان کی آواز میں آواز ملا کر امن کے قیام پر زور دیا ہے۔

عطاتارڑ نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین نے آبنائے ہرمز کو کھولنے پر بھی زور دیا اور عالمی سطح پر پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا جا رہا ہے۔

عطاتارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے چند دن قبل چین کے سفیر سے ملاقات کی، جبکہ اسحاق ڈار کا دورہ چین بھی اہمیت کا حامل تھا۔

ان کے مطابق پاک-چین اعلامیہ امن کے قیام میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور چار وزرائے خارجہ کے اجلاس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر اہمیت حاصل ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے لیے ٹویٹ کیا، جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ری ٹویٹ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے تمام عالمی سربراہان کے ساتھ بات چیت جاری رکھی اور ملک امن کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔

عطاتارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے مل کر پاکستان کو اعتماد کی علامت بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کے مطابق بھارت اس وقت بہت پریشان ہے اور بھارتی وزیر خارجہ غلط بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف نے اپنی سیاست کے لیے خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگایا اور اب یہ غیر ضروری ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور چین کی مشترکہ حکمت عملی، 5 نکاتی فارمولے کا اعلان

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود پاکستان میں تیل کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی، کیونکہ ملک کا 80 فیصد تیل آبنائے ہرمز سے آتا ہے اور ذخائر میں وافر مقدار موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بروقت فیصلوں اور اقدامات کے باعث پیٹرول کی کمی نہیں ہوئی۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ صوبہ عوام کے لیے جو بھی اقدامات کرے گا، وفاق بھرپور تعاون کرے گا۔ عطاتارڑ نے بتایا کہ صوبے خود بھی فنڈز فراہم کر سکتے ہیں اور اسپیشل فنڈز بنانے کا آپشن موجود ہے، جبکہ حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔

آخر میں انہوں نے عوامی سہولتوں اور توانائی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں گیس اور تیل کی قلت نہیں ہے، سولر نیٹ میٹرنگ میں غریب کو شامل نہیں کیا گیا، جبکہ الیکٹرک وہیکلز حکومت کی ترجیح ہیں اور عوامی مشکلات کا احساس موجود ہے۔

Scroll to Top