رستم مردان مائننگ حادثہ: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا نوٹس، قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے رستم مردان میں پیش آنے والے مائننگ حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے زخمیوں کے فوری اور مؤثر علاج کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔

محمد سہیل آفریدی نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور سیکیورٹی و سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : مردان: رستم میں مائننگ کے دوران سلائیڈنگ، 6 افراد جاں بحق اور 3 زخمی

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حادثے کی مکمل رپورٹ جلد از جلد پیش کی جائے تاکہ ذمہ داران کا تعین کر کے آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پلوڈھیری کے پہاڑوں میں مائننگ کے دوران لینڈ سلائیڈنگ ہوگئی جس کے باعث درجنوں افراد ملے تلے دب گئے۔

حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے اور اب تک 9 افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔

Scroll to Top