سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو کامیاب کارروائیوں کے دوران 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں باڑہ اور بنوں میں انجام دی گئیں۔
باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ ضلع بنوں میں آپریشن کے دوران 3 خوارج جہنم واصل ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت سے بنوں اور باڑہ میں دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خوارج کا انجام عبرتناک موت ہے اور دہشت گردوں یا ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔





