نورعلی وزیر
جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے علاقے غواخوا سے نامعلوم مسلح افراد نے معروف کاروباری شخصیت سحر گل وزیر کو اغوا کر لیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مسلح افراد سحر گل وزیر کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔
مغوی سحر گل وزیر کا تعلق وزیر قبیلے سے ہے اور وہ فروٹ منڈی کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ مغوی کی بحالی اور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔ ادھر اہل علاقہ نے اغوا کے مسلسل بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ؎
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے اور حکومت کو چاہیے کہ مؤثر اقدامات کے ذریعے اپنی رٹ بحال کرے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی جنوبی وزیرستان میں مختلف شخصیات کو اغوا کیا جا چکا ہے جنہیں بھتہ وصولی کے بعد رہا کیا گیا۔
علاقے میں اغوا برائے تاوان کے بڑھتے ہوئے ان واقعات نے مقامی آبادی اور تاجر برادری میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے جس پر قابو پانے کے لیے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔





