باجوڑ: افغان طالبان کی جانب سے باجوڑ، نواپاس (مہمند) اور دیر کے سرحدی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس کا پاکستان نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا، نتیجتاً دشمن کی گنیں مکمل طور پر خاموش ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق یکم اپریل 2026 کو افغان فورسز نے باجوڑ اور دیر کے سرحدی علاقوں میں مسلسل اور اندھا دھند فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا۔
پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے نہ صرف دشمن کی گن پوزیشنز کو خاموش کیا بلکہ ان پوسٹوں کو بھی تباہ کر دیا جہاں سے فائرنگ کی جا رہی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس دوران پاکستان کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ مؤثر جوابی کارروائی کے ذریعے دشمن کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔
نواپاس اور باجوڑ سیکٹر میں ہونے والے اس تبادلۂ فائر کو بعض افغان میڈیا اور مخصوص سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ زمینی حقائق کے مطابق صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور کوئی غیر معمولی واقعہ پیش نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھیں : سکیورٹی فورسز کا فتنۂ الہندوستان کیخلاف کامیاب آپریشن، 13 خوارج جہنم واصل
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن غضبُ للحق بدستور جاری ہے، جس کے تحت سرحد پار موجود دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کی بڑھتی لہر کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز نے یہ آپریشن شروع کیا تھا، جسے عید کی تعطیلات کے دوران عارضی طور پر روک دیا گیا تھا، تاہم اب اسے دوبارہ پوری شدت کے ساتھ شروع کر دیا گیا ہے، اور پاک فوج دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔





