پاکستانی اور چینی بحریہ کی مشترکہ مشق سی گارڈین 4 کامیابی سے اختتام پذیر

پاک بحریہ اور چینی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) نیوی کی مشترکہ سی گارڈین 4 مشق 25 مارچ سے یکم اپریل تک کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی، جس کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان عملی ہم آہنگی اور سمندری تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس مشق میں دو اہم مراحل شامل تھے: کراچی میں پانچ روزہ پورٹ مرحلہ اور شمالی بحیرہ عرب میں دو روزہ سمندری مرحلہ۔ پورٹ وزٹ کے دوران پی این ایس تیمورنے چینی پی ایل اے نیوی کے جہاز DAQING کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس دوران بحری تنصیبات کے تعارفی دورے، پیشہ ورانہ تبادلہ خیال اور ینگ آفیسرز سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں دونوں افواج کے افسران نے سمندری چیلنجز اور عملی صلاحیتوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

سمندری مرحلے میں پاک بحریہ اور چینی نیوی نے متعدد اہم مشقیں کیں، جن میں فضائی دفاعی مشقیں، ملٹی ڈومین سویارم تھریٹس کے خلاف دفاع، پاک بحریہ کی آبدوز کے ساتھ مشترکہ مشقیں، کلاسیکل وار اٹ سی (War-at-Sea) مشقیں، اور لائیو گنری فائرنگ شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : اورکزئی کے توڈہ میلہ میں سیکیورٹی فورسز اور خوارجین کے مابین جھڑپیں، خوارجین کو نشانہ بنایا گیا

ان مشقوں کا مقصد دونوں افواج کے درمیان عملی اور ٹیکٹیکل ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنا تھا۔

مشق کے اختتام پر دونوں بحری افواج نے بحیرہ عرب میں مشترکہ گشت کیا، جو خطے میں سمندری سلامتی اور استحکام کے لیے دونوں ممالک کی عزم کی علامت ہے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ SEA GUARDIAN IV مشق نے نہ صرف دونوں بحری افواج کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا بلکہ خطے میں باہمی اعتماد، تعاون اور سمندری سیکورٹی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

Scroll to Top