پی ایم اے کاکول میں نوجوانوں کا جوش، طلبہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا

پی ایم اے کاکول میں نوجوانوں کا جوش، طلبہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا

خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات، جو آئی ایس پی آر کے ساتھ ونٹر انٹرن شپ پروگرام کا حصہ ہیں، نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران طلبہ کو پاکستان ملٹری اکیڈمی میں جاری پیشہ ورانہ عسکری تربیت، نظم و ضبط اور قیادت سازی کے عمل پر جامع بریفنگ دی گئی۔ انہیں پاک فوج کے کردار، تاریخ اور قومی دفاع میں ادا کی جانے والی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

طلبہ نے کیڈٹس کی اعلیٰ معیار کی تربیت، مثالی نظم و ضبط اور جذبۂ حب الوطنی کو سراہا، جبکہ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ کیڈٹس کا بلند حوصلہ اور شاندار ڈسپلن دیکھ کر پاک فوج پر ان کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے، اور وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

طلبہ نے مزید کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کا نظم و ضبط اور سخت تربیت قابلِ تقلید ہے، اور مشکل حالات میں دی جانے والی یہ تربیت نوجوانوں میں حوصلہ، عزم اور قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہے۔

دورے کے اختتام پر طلبہ نے ملک کی خدمت اور قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

Scroll to Top