خیبر پختونخوا میں 2 سے 4 اپریل تک متوقع بارشوں کے پیشِ نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، جبکہ اس سے منسلک ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ہے۔
متعلقہ اضلاع بالخصوص پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، بنوں، کوہاٹ، کرم اور ڈی آئی خان کے ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوہاٹ توئی، دریائے کرم اور دریائے گومل میں فلیش فلڈنگ کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں اور حساس مقامات کی فوری نشاندہی کریں اور ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر آبادی کا بروقت انخلا یقینی بنائیں۔
مقامی آبادی کو دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے اور ہر قسم کی سیر و تفریح سے گریز کرنے کی سخت تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل الرٹ رہنے اور عملہ و مشینری تیار رکھنے کا حکم دیا ہے۔ مویشی پال حضرات کو جانور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور حساس علاقوں میں گاڑیوں کی نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
متاثرین کے لیے ریلیف اور طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی بندش یا پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری نکاسی کے اقدامات کو یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔
صوبائی کنٹرول روم کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو دریاؤں کی مسلسل نگرانی کرنے اور ہر 6 گھنٹے بعد رپورٹ فراہم کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع یا معلومات کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔





