حکومت خیبرپختونخوا نے صوبے کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں ہفتہ وار 4 دن کلاسز اور 3 چھٹیوں کا نیا نظام نافذ کر دیا ہے۔
محکمہ ثانوی و ابتدائی تعلیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق آج یکم اپریل 2026 سے فوری طور پر ہو چکا ہے۔
نئے تعلیمی ماڈل کے تحت صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں میں اتوار کے علاوہ اب جمعہ اور ہفتہ کو بھی تعطیل ہوگی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق اوقاتِ کار میں یہ بڑی تبدیلی ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور سپلائی میں کمی کے پیشِ نظر کی گئی ہے تاکہ سفری اخراجات کو کم کیا جا سکے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی دن کم ہونے کی وجہ سے روزانہ کے اوقاتِ کار میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پرائمری اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں صبح 7 بج کر 30 منٹ سے شروع ہو کر دوپہر 1 بج کر 35 منٹ تک جاری رہیں گی۔
اسی طرح مڈل اسکولوں کے لیے نئے اوقات صبح 7 بج کر 30 منٹ سے دوپہر 2 بج کر 35 منٹ تک مقرر کیے گئے ہیں۔ ہائی اور ہائر سکنڈری اسکولوں کے طلبہ کے لیے چھٹی کا وقت دوپہر 3 بجے متعین کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے توانائی کی بچت کو یقینی بنانا ہے۔
محکمہ تعلیم نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ نئے شیڈول پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ تعلیمی نصاب بروقت مکمل ہو سکے۔





