کیا بھارت معرکہ حق میں عبرتناک شکست بھول گیا؟ خواجہ آصف کابھارتی وزیر دفاع کے بیان پر کرارا جواب

کیا بھارت معرکہ حق میں عبرتناک شکست بھول گیا؟ خواجہ آصف کابھارتی وزیر دفاع کے بیان پر کرارا جواب

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ کی گیدڑ بھبکیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار دھمکیاں دینا بھارت کی طاقت نہیں بلکہ اس کی گھبراہٹ کا ثبوت ہے۔

سوشل میڈیا پر ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت میں جب بھی اندرونی حالات خراب ہوتے ہیں، وہ اپنی عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزامات لگانا شروع کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے جھوٹے ڈرامے اب پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔

وزیر دفاع نے دو ٹوک الفاظ میں یاد دلایا کہ بھارت کو کسی بھی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے، ہمیں ‘معرکہ حق’ آج بھی یاد ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے کوئی بھی غلط قدم اٹھایا تو اب کی بار پاکستان کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور منہ توڑ ہوگا۔

راج ناتھ سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو ایٹمی ملکوں کے درمیان جنگ کا سوچنا بھی خطرناک ہے، اس کے نتائج بہت ہولناک ہو سکتے ہیں۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ دوسروں کو دھمکیاں دینے کے بجائے اپنے ملک کے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی پر توجہ دے۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے لیکن اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا بھی خوب جانتا ہے۔ ہماری فوج اور عوام ہر طرح کے حالات کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

Scroll to Top